حافظ آباد:صفائی ستھرائی ، تجاوزات کے خاتمے کا منصوبہ تیار

حافظ آباد:صفائی ستھرائی ، تجاوزات کے خاتمے کا منصوبہ تیار

شہر کو 4زون میں تقسیم کر کے ضلعی انتظامیہ کے افسر وں کو انچارج مقرر کر دیاگیا

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حکومت پنجاب کے خدمت آپکی دہلیز پروگرام کے تحت شہر بھر میں صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جامع پروگرام تیار کیاگیاہے ،شہر کو 4زون میں تقسیم کر کے ضلعی انتظامیہ کے افسر وں کوزونل انچارج مقرر کر دیاگیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل،اسسٹنٹ کمشنر ،ڈسٹرکٹ آفیسر انٹرپرائیززاور اسسٹنٹ کمشنر ایچ آرکوارڈنیشن اپنے اپنے زون کے انچارج ہونگے ۔ڈپٹی کمشنر رانا سلیم احمد خان کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں حکومتی ہدایات کے مطابق صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے اور وہ خود روزانہ کی بنیاد پر اس مہم کا جائزہ لیں گے اور مختلف علاقوں کا دورہ بھی کرینگے ۔شہر بھر کی صفائی ستھرائی کیلئے سینٹری ورکرز کی ٹیمیں تیار کی گئی ہیں جو دو شفٹوں میں کام کرینگی اور گلی محلوں ،سڑکوں کی صفائی کیساتھ ساتھ سیوریج نالوں کی صفائی کاکام بھی شروع کیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق شہری علاقوں سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بھی خصوصی مہم کا آغاز کیا جارہاہے انسداد تجاوزات مہم کے دوران تمام بازاروں ،سڑکوں اور اہم عوامی مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائیگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں