سیالکوٹ:گرین وڈ سٹریٹ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ

 سیالکوٹ:گرین وڈ سٹریٹ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ

12گھنٹے بجلی بند رہی،افسروں کی جانب سے فون اٹینڈ نہ کر نے پر احتجاج ,ٹرانسفارمر تبدیل کر دیا ،لوڈ شیڈنگ بارے پڑتال کریں گے :ایس ڈی او

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )گیپکو سب ڈویژن فورٹ کے علاقہ گرین وڈ سٹریٹ میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کی گئی ، بجلی صبح8بجے سے رات8بجے تک بند رہی ، ایس ڈی او اور ایکسین کے ناروا رویہ اور سرکاری ٹیلی فون نمبرز نہ اٹھانے پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ سب ڈویژن فورٹ کے علاقہ گرین وڈ سٹریٹ میں بجلی کی بد ترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ روز صبح8بجے کے قریب بجلی بند ہوئی اوررات8بجے بحال ہوئی ۔ صارفین نے اس سلسلہ میں ایس ڈی او اور ایکسین کے سرکاری نمبرز پر متعدد مرتبہ رابطہ کیا لیکن ایس ڈی او اور ایکسین نے فون اٹھانے کے بجائے بند کر دئیے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیپکو سب ڈویژن فورٹ کے ایس ڈی او اور ایکسین سٹی کے ناروا رویہ اور غیر ذمہ داری پر وزیر اعظم عمران خان فوری نوٹس لیں ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ ہم نے متعدد مرتبہ شکایت درج کرائی اور کمپلین سنٹر بھی گئے لیکن وہاں بھی عملہ غائب ملا۔ ایک شہری کی کال پر ایس ڈی او نے فون اٹھایا تو ایس ڈی او نے بتایا کہ میرے نوٹس میں نہیں البتہ ریکس سینما کی بجلی خراب ہے وہاں مرمت کرنے کے بعد گرین وڈ سٹریٹ کی بجلی بحال ہو گی کیونکہ گرین وڈ سٹریٹ کا ٹرانسفارمر خراب ہوا ہے ۔ گیپکو کے ایس ڈی او ناصرنے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ٹرانسفارمر تبدیل کر دیا گیا ہے ،غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بارے پڑتال کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں