12 ربیع الاول کا جلوس طے شدہ روٹ پر ہی ہوگا , امن عامہ کے منافی تقریر کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی

12 ربیع الاول کا جلوس طے شدہ روٹ پر ہی ہوگا , امن عامہ کے منافی تقریر کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی

شرپسندوں کے عزائم ناکام بنانے کے لئے جلوس اور محفل میں شامل ہونے والوں کیلئے پارکنگ ڈیڑھ سے دو سو گز دور اور دو جگہ پر چیکنگ ہوگی , ایک دوسرے کے مسالک کا احترام علما کرام کا منشور ہو نا چا ہیے ،لاؤڈ سپیکر کے بجائے ڈیک استعمال کیا جائے :سی پی اوکامیٹنگ میں اظہار خیال

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)سی پی او کیپٹن (ر)سیدّ حماد عابد نے کہا ہے کہ شہر کے امن کیلئے تمام مکاتب فکرکے رہنماؤں کو ملکر کام کرنا ہوگا،12ربیع الاول کے جلوس کو طے شدہ روٹ سے انحراف کرنے کی اجازت نہیں ہے ،کسی بھی قابلِ اعتراض یا امنِ عامہ کے منافی تقریر کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی ،اشرف مارتھ شہید ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں 12ربیع الاوّل کی سکیورٹی کے حوالے سے بین المذاہب امن کمیٹی کے ممبران و عہدیداروں اورضلع بھر کے پولیس افسروں کیساتھ میٹنگ کے دوران انہوں نے کہاکہ جلوس اور محفل میں شامل ہونے والوں کیلئے پارکنگ ڈیڑھ سے دو سو گز دور رکھوائی جائے تاکہ کوئی شر پسند اپنے ناپاک عزائم پورے نہ کر سکے ، محفل و جلوس کے دوران لاؤڈ سپیکر کے بجائے ڈیک سپیکر استعمال کیا جائے ۔ علما کرام قیام امن کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اپنے مسلک میں رہتے ہوئے دوسرے مسلک یا مذہب کا احترام کرنا علما کرام کا منشورہونا چاہیے ۔ سی پی او نے مزید کہا کہ ہر محفل اور جلوس میں شامل ہونے والوں کی دو جگہوں پر فزیکل چیکنگ کا انتظام کیا جائے ۔ بین المذاہب امن کمیٹی کے ارکان نے سی پی او کو امن و امان کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کر ائی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں