حافظ آباد:فوڈ اتھارٹی ،ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام آ گاہی سیمینار

حافظ آباد(نمائندہ دنیا ، نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سیف فوڈ سٹی کے سلسلہ میں عوام میں آگاہی اور شعور کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ،صدار ت ڈپٹی کمشنر عمر فارو ق وڑائچ نے کی ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عظمیٰ شہزادی ،دیگر افسر وں ، اساتذہ ،سکولوں کالجوں کے طلبہ و طالبات، تاجروں اور شہریوں نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجا ب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سیف فوڈ سٹی پراجیکٹ کا قیام قابل ستائش ہے ، عوام کو غیر معیاری ، جعلی اور ملاوٹ شدہ اشیا فروخت کرنے والوں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے ، ملاوٹ شدہ او رغیر معیاری اشیا فروخت کرنے والے دکاندار ، تاجر کسی رعایت کے مستحق نہیں یہ اپنی آخرت کو خراب کرنے کے ساتھ ساتھ درحقیقت قیمتی انسانی جانوں کے ساتھ بھی کھیل رہے ہوتے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ اچھی خوراک ہماری ذہنی اور جسمانی صحت کیلئے بہت ضروری ہے اور جب ہم ذہنی اور جسمانی طو رپر صحت مند اور تندرست ہو نگے تبھی ایک صحت مند معاشرہ قائم ہو سکے گا۔