کرپشن پر سرکاری افسروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

کرپشن پر سرکاری افسروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ڈویژن کے صوبائی محکمہ جات اور بلدیاتی اداروں میں تعینات افسران کے خلاف کرپشن و اختیارات سے تجاوز کی بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر کارروائی کا فیصلہ کرلیااورافسروں کے اثاثہ جات کی چھان بین کا آغاز کردیا۔

مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اینٹی کرپشن کے ریجنل ڈائریکٹرز سے لوکل گورنمنٹ افسروں کے خلاف زیرالتوا مقدمات و انکوائریوں کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔ کرپٹ افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا جائیگا،اس ضمن میں صوبائی حکومت کے زیر انتظام کام کرنے والی ایک خفیہ تحقیقاتی ایجنسی کو الگ سے ٹاسک دیتے ہوئے مفصل رپورٹ تیار کرکے ایک ہفتہ کے اندر پنجاب حکومت کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی طرف سے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد،وزیرآباد اور نارووال کے لوکل گورنمنٹ اداروں، 3میونسپل کارپوریشنوں، 6ضلع کونسلوں اور 26میونسپل کمیٹیوں میں تعینات گریڈ 15سے گریڈ 19 تک کے بلدیاتی افسر وں کے کوائف اور ان کا ماضی کا ریکارڈ جمع کرنے کی مکمل معلومات کے حصول کیلئے مختلف نکاتی پرفارمے بھجوائے گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں