مرغی کے گوشت کی قیمت میں 21روپے کلو اضافہ

 مرغی کے گوشت کی قیمت میں 21روپے کلو اضافہ

ڈسکہ،سیالکوٹ(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )ڈسکہ اور گردو نواح میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں 21روپے اضافہ ہوگیا،نئی قیمت 563روپے کلو ہو گئی،زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 374روپے کلو جبکہ پرچون ریٹ 388 روپے کلو مقرر کیا گیا۔

فارمی انڈوں کی فی درجن قیمت 254 روپے مقرر کی گئی جبکہ انڈوں کی پیٹی کا سرکاری تھوک ریٹ7500روپے جاری کیا گیا۔دوسری جا نب سبز مصالحہ جات اور موسمی سبزیاں قوت خرید سے باہر ہیں۔سرکاری ریٹ لسٹ میں 9 سبزیاں مزید مہنگی کر دی گئیں، اوپن مارکیٹ میں پیاز 150، ٹماٹر 240، ادرک چائنہ 720 روپے کلو، لیموں دیسی 550، میتھی 250، کریلے 150، شلجم 180، بھنڈی 180 روپے فی کلو تک بیچی جا رہی ہے ۔پھلوں میں سیب 400، آلو بخارا 300، خوبانی 220 روپے فی کلو ہے ، آڑو 280، آم سندھڑی 250 روپے فی کلو دستیاب ہیں۔  کیلے درجہ اول 160 روپے فی درجن تک مل رہے ہیں۔شہریوں نے شکوہ کیا کہ ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے ، بجلی کے بل ادا کریں یا بچوں کا پیٹ پالیں۔مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹوں پر کہیں عملدرآمد نہیں ہو رہا، سبزی منڈیوں، پوش علاقوں اور گلی محلوں میں اشیا خورونوش کے الگ الگ ریٹ مقرر ہیں ،گرانفروشوں کیخلاف ایکشن لیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں