ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ازخود اضافہ کردیا

ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ازخود اضافہ کردیا

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں از خود اضافہ کر دیا ۔لوڈر گاڑیوں اور لوڈرزرکشوں کے مالکان نے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔۔۔

 جبکہ چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے بھی ایک سٹاپ سے دوسرے سٹاپ تک 10روپے کرایہ بڑھا دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیاہے ۔ پٹرول کی قیمت میں 9 روپے 99پیسے اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6روپے 19پیسے اضافہ کیا گیا ہے ،قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی خود ساختہ طور پر اضافہ کر دیا ہے ۔ راولپنڈی کا کرایہ950روپے سے بڑھ کر 1000روپے ہو گیا ہے اسی طر ح ملتان کا کرایہ 2200روپے ،فیصل آباد کا کرایہ 900روپے ،جہلم کا کرایہ 500روپے ،چکوال کا کرایہ 800روپے ،لاہور کا کرایہ 280روپے وصول کیا جا رہا ہے ۔ چنگ چی رکشہ ڈرائیور ز جو سٹاپ ٹو سٹاپ بیس روپے کرایہ لیتے تھے لیکن اب 30سے 40روپے وصول کر رہے ہیں ۔اسی طرح لوڈر رکشہ جو پہلے سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے 300روپے لیتے تھے اب 500روپے سے آٹھ سو روپے تک مانگ رہے ہیں۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے عوام پر پٹرول بم گرایا گیا ہے ۔پٹرول کی قیمت میں10 روپے فی لٹر اضافہ ہوا ہے جبکہ کرائے میں 50روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں