محکمہ اے ایس آئی نواز کی قربانی نہیں بھولے گا:آئی جی

محکمہ اے ایس آئی نواز کی قربانی نہیں بھولے گا:آئی جی

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شیخوپورہ میں جام شہادت نوش کرنے والے اے ایس آئی محمد نواز کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی جی نے کہا محکمہ اے ایس آئی محمد نواز کی لازوال قربانی کبھی فراموش نہیں کرے گا، شہید اہلکار کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا پنجاب پولیس اے ایس آئی محمد نواز جیسے 1600 سے زائد شہدا اور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے ۔ علاوہ ازیں آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے 9 ویں محرم الحرام کو محکمہ داخلہ اور پنجاب پولیس کے سنٹرل کنٹرول رومز کا دورہ کیا، عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا،محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم میں سپیشل سیکرٹری ہوم، فضل الرحمان جبکہ سنٹرل پولیس آفس کنٹرول روم میں اے آئی جی لیگل سلیم چغتائی نے آئی جی کو بریفنگ دی، آئی جی نے پانڈو سٹریٹ سے برآمد مرکزی عزاداری جلوس کی مانیٹرنگ بھی کی۔ آئی جی نے سیف سٹیز ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، سنٹرلائزڈ سسٹم کے تحت صوبہ بھر کے عزاداری جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا،ایم ڈی محمد احسن یونس نے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی،چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز، کمشنر زید بن مقصود سمیت دیگر افسر بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں