گجرات :عید میلاد النبیؐ پر 81 جلوس،انتظامیہ لنگر دیگی
گجرات(سٹی رپورٹر ،نامہ نگار)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ممبران صوبائی اسمبلی، اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ مسجد شاہ ولایت میں ضلع امن کمیٹی اور۔۔۔
مذہبی ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک، ڈی پی او مستنصر عطاء باجوہ، ایم پی اے اعجاز احمد رنیاں، خالد اصغر گھرال، عبداﷲ یوسف، راجہ محمد اسلم، مدد علی شاہ، ممبران امن کمیٹی سعید احمد شاہ گجراتی، صفدر ممتاز، سید الطاف الرحمن، ضیاء الرحمن عطاری بھی اس موقع پر موجود تھے ۔کمشنر نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ صفائی، سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات بہترین انداز میں کیے جائیں گے ۔ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ علماء کرام اور شہریوں کے شانہ بشانہ ہوں گے ۔ شہر بھر میں چراغاں کیا جائے گا ۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا درس دیتا ہے ۔ ہم سب ایک ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ کمشنر نے مزید کہا کہ علماء کرام مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور اپنے خطبات میں امن و سلامتی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا درس دیں۔ عید میلاد النبیؐ پر گجرات میں 81 جلوس نکالے جائیں گے ، جن کے شرکاء کو لنگر اور نیاز ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فراہم کی جائے گی۔