گجرات بھمبر روڈ کی بحالی تیزی سے جاری ہے :ڈی سی

گجرات بھمبر روڈ کی بحالی تیزی سے جاری ہے :ڈی سی

گجرات(سٹی رپورٹر،نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے گجرات بھمبر روڈ بحالی منصوبے اور جلالپور جٹاں،کھاریاں روڈ کا دورہ کیا اور ان منصوبوں پر جاری کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ اور ایکسین ہائی ویز محمد آصف بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بتایا کہ گجرات بھمبر روڈ کی بحالی کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے ، جس کی لمبائی 38 کلومیٹر ہے اور اس کی تعمیر و بحالی پر 838 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اسی طرح، کھاریاں-جلالپور جٹاں روڈ کی تعمیر و بحالی پر 281 ملین روپے خرچ ہوں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور تعمیراتی میٹریل کی باقاعدگی سے ٹیسٹنگ کروا کر معیار کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بلاوجہ تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔دریں اثنا انہوں نے نے بنیادی مرکز صحت چیچیاں شمس کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کردہ طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مریضوں کو ہر ممکن بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور عملے کی مکمل حاضری یقینی بنائی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کے تحت بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ پر کام جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں