سیالکوٹ:2024 میں 6ہزار 806خواتین کو طلاق

 سیالکوٹ:2024 میں 6ہزار 806خواتین کو طلاق

سیالکوٹ( نمائندہ دنیا )سیالکو ٹ میں پیدائش و اموات ،طلاق چارٹ سنگین صورتحال کی جانب گامزن، سال 2024 ء کے 11ماہ کے دوران 39 ہزار 294 بچے پیدا ہوئے ۔

11 ہزار 56 افراد ابدی نیند سو گئے ۔جبکہ 6ہزار 806خواتین کو طلاق ہوگئی،‘‘روزنامہ دنیا ’’کو حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں سیالکوٹ، ڈسکہ، پسرور، سمبڑیال میں سال 2024ء کے دوران ماہ جنوری میں 3783 بچے پیدا ہوئے ۔ 1095 افراد وفات پاگئے اور 1316 خواتین پیا گھر سدھار گئیں جبکہ نکھٹو ،نکمے اور ہڈ حرام مردوں نے 406 خواتین کو طلاق دے دی۔ ڈاکٹرز ،وکلاء اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں ناقص خوراک ،دودھ اور آلودہ پانی اور ماحولیاتی آلودگی کے باعث اموات میں اضافہ ہورہاہے ۔بعض بوڑھے والدین کی اولاد ان کی مناسب دیکھ بھال نہیں کرتی جس کے باعث اموات اضافہ کا باعث بن رہی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض خواتین بھی جھگڑلوں اور ضدی ہوتی ہیں اور معمولی باتوں پر سسرال میں جھگڑا کرکے طلاق کیلئے عدالتوں میں خلع دائر کردیتی ہیں۔ دیہی علاقوں میں کم شعور کے باعث پیدائش میں اضافہ بدستور جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں