علاج معالجہ کی سہولیات حکومت کی ترجیح:سہیل اشرف
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)سیکرٹری مواصلات و تعمیرات سہیل اشرف نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر ارشاد اللہ گورائیہ کی اس موقع پر بریفنگ دی۔
انہوں نے ہسپتال کے شعبہ ایمر جنسی، میڈیکل وارڈ، سرجیکل وارڈ، فارمیسی، ڈائلسز یونٹ،لیبارٹری کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کوعلاج معالجہ کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کے علاج معالجہ اور مفت ادویات کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔قبل ازیں انہوں نے ڈپٹی کمشنر دفتر میں زیر تعمیر ریکارڈ روم کی عمارت کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ایکسیئن بلڈنگ کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے اور مزید کہا کہ کوالٹی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ اس کے علاؤہ انہوں نے کمیٹی روم، ڈسٹرکٹ کلیکٹر کورٹ کا بھی دورہ کیا۔