تعلیمی بورڈ کا پورا نظام ڈیجیٹلائزڈ کیا جارہا ہے :کمشنر

 تعلیمی بورڈ کا پورا نظام ڈیجیٹلائزڈ کیا جارہا ہے :کمشنر

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)کمشنرگوجرانوالہ ڈویژن/چیئرمین تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ سیدنوید حیدر شیرازی نے کہا کہ تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ کا پورا نظام آن لائن/ ڈیجیٹلائزڈ کیا جارہا ہے ۔

ڈیجیٹلائزیشن کے اس عمل سے عوام کو خدمات کی فراہمی تیز ہورہی ہے جس سے بورڈ کو مختلف اخراجات کی مد میں سالانہ 735ملین روپے کی بچت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے امتحانی اصلاحات مزمل محمود اور سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر کی قیادت میں وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل سے کلاس نہم اور گیارویں کے لیے ساڑھے 8 لاکھ طلبہ و طالبات آن لائن رجسٹریشن /ایڈمشن کروا رہے ہیں۔طلباء و طالبات کے نشان انگوٹھا اور چہرے سے تصدیق، داخلہ فارم، ری چیکنگ، نام سمیت مختلف درستگیاں اور تعلیمی اداروں کا الحاق بھی آن لائن کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے امتحانات پر مختلف قسم کے فرائض سرانجام دینے والے اساتذہ اکرام و دیگر کو تمام ادائیگیاں،چالان، این او سی، مائیگریشن، ڈپلیکیٹ سرٹیفکیٹس کا اجراء، امتحانات میں نگران عملہ و اُمیدواروں کی حاضری، سکینگ بھی آن لائن کی جا رہی ہے ،حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق بورڈ ہذا میں خواتین ملازمین کی سہولت کے لیے ڈے کیئر سنٹرکے قیام پر بھی کام جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں