شہر سے مویشیوں کی منتقلی: 100 ایکڑ پر گوالہ کالونی بنانے کا فیصلہ

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)شہر سے مویشیوں کی منتقلی 14 سال سے التوا کا شکار ہے، ضلعی انتظامیہ نے گوالہ کالونی کے قیام کا فیصلہ کرلیا، تحصیل صدر کے علاقہ میں 100 ایکڑ اراضی پر گوالہ کالونی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
گوجرانوالہ شہر میں باڑوں اور مویشیوں کی بھرمار ہے ،وحدت کالونی ،تالاب دیوی والا،پونڈاوالا چوک ،فیروز والا روڈ ،نوشہرہ روڈ ،حافظ آباد روڈ ،جناح روڈ ،پیپلز کالونی سمیت متعدد علاقوں کی گلیوں ،محلوں میں بھینسوں کے باڑے بنے ہوئے ہیں ۔ بھینسوں کے گوبر اور فضلہ سے سیوریج لائنوں کا بند رہنا معمول بنتا جا رہا ہے ۔ضلعی انتظامیہ نے بھینسوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کر لی۔پہلے مر حلے میں گوالہ کالونی قائم کی جائے گی جس کے بعد بھیسنوں کے باڑے شہر سے ختم کرائے جائیں گے ۔گوالہ کالونی کیلئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی ہدایت پر تحصیل صدر کے علاقہ میں سرکاری اراضی کی تلاش شروع کر دی گئی ، ذرائع کے مطابق گوالہ کالونی کا قیام رواں سال ہی ہو جائے گا جس کے بعد شہر میں موجود تمام باڑے ختم کر د ئیے جائیں گے۔