ہسپتالوں میں بغیر شناختی کارڈ مریضوں کا علاج بند

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) گوجرانوالہ کے سرکاری ہسپتالوں نے شناختی کارڈ کے بغیر شہریوں کا علاج بند کردیا ،اندرون شہر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پہلے ہی سہولیات کا فقدان ہے۔۔
اور بیشتر میڈیکل شعبہ کے او پی ڈی اور وارڈز بھی نئے فعال ہونے والے گوندلانوالہ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیئے اب اچانک ڈی ایچ کیو ہسپتال انتظامیہ نے قومی شناختی کارڈ کے بغیر مریضوں کے علاج پر پابندی عائد کردیا ،روزانہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین مایوس ہوکر واپس لوٹنے پر مجبور جبکہ دیگر مریض ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے رویہ سے تنگ آکر پرائیویٹ ہسپتال جانے پر مجبور ہوگئے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حکومتی ہدائت پر مریضوں کے چیک اپ کیلئے کمپیوٹرائزڈ پرچی سسٹم شروع کیا گیا جس کیلئے شناختی کارڈ لازمی درج ہوگا اور آن لائن پرچی کے بغیر کوئی ڈاکٹر کسی بھی مریض کو چیک نہیں کرسکتا تاہم مریضوں اور انکے لواحقین نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر اور عملہ سفارشی افراد کا طبی معائنہ اور تمام ٹیسٹ کردیتے لیکن عام شہری کے ساتھ بدتمیزی معمول بنارکھی ہے ۔دوسری جانب ڈی ایچ کیو ہسپتال کی خاتون ڈی ایم ایس کا کہنا ہے کہ اگر کوئی مریض سیریس حالت میں آتا ہے تو اس کو عارضی طور پر شناختی کارڈ سے استثنیٰ حاصل ہے فوری علاج کرنے کا حکم ہے ۔