وزیر بلدیات کا حلقہ ستھرا پنجاب کے ثمرات سے محروم

ڈسکہ(نمائندہ دنیا )ستھرا پنجاب کے ثمرات صوبائی وزیر بلدیات کے حلقہ کی گلیوں تک نہیں پہنچ سکے ، گلیوں میں کھڑا سیوریج کا تعفن زدہ پانی بیماریاں پھیلانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کے گزرنے میں بھی مشکلات پیدا کرنے لگا۔۔
ارباب اختیار خاموش تماشائی بن گئے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب کے ثمرات صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق کے حلقہ تک نہیں پہنچ سکے گلیاں تعفن زدہ پانی سے بھری پڑی ہیں محلہ اسلام پورہ گورنمنٹ ہائی سکول ڈسکہ کے عقب وارڈ نمبر19میں کئی سال سے سیوریج کی نکاسی کا مسئلہ چلا آرہا ہے جس سے سکول جانے والے طلباء وطالبات ،مساجد میں جانے والے نمازیوں اور سحری وافطاری کے اوقات میں خریداری کیلئے جانے والی خواتین کو مشکلات اور دشواری کا سامنا کرنا پڑ تا ہے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باجود مسئلہ جوں کا توں ہے علاقہ مکینوں نے صوبائی وزیربلدیات میاں ذیشان رفیق سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔