اپوزیشن ملک کیلئے مذاکرات کا دروازہ کھولے :مولانا لدھیانوی

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )سربراہ سنی علما کو نسل و امیرسواداعظم مولانامحمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں تمام مکتبہ فکرکے علما اور سیاستدانوں کو ذاتی اختلافات کو بھلا کردہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہئے ۔۔
ہمیں چاہیے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاک فوج عسکری اداروں کیساتھ ہر ممکن تعاون کریں کیونکہ ملکی سلامتی میں ہی ساری قوم کی سلامتی پوشیدہ ہے ، مساجد اور مدارس میں دہشت گردی نے ہم سے کئی جید علما اورشہری چھین لئے ،افغانستان ہو یا بھارت کسی کو بھی ملک میں مداخلت سے روکنے کے اقدامات نا گزیر ہیں، ہمارے عسکری ادارے ہماری اور پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں ساری قوم متحد ہو کر ان کے دست و بازو بنے ، میں میڈیا کی وساطت سے ساری قوم اور بالخصوص وزیر اعظم کو مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ موجودہ حالت کی سنگینی کے پیش نظر ہمیں اجتماعی طور پر اللہ کے حضور سر بسجود ہو کر اپنے گناہوں کی معافی بھی مانگنی چا ہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ( ن)کے رہنما حافظ خلیل الرحمن شاہد کے ڈیرہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر سنی علما کونسل پنجاب مولانا محمد اشرف طاہر، سابق ایم پی اے حاجی امان اللہ وڑائچ، قاری عبدالقیوم،قاری حامد محمود معاویہ،حافظ مخدوم آصف کے علاوہ علما ار اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجو د تھی، انہوں نے مزیدکہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ ملکی سلامتی کیلئے مذاکرات کا دروازہ کھولے اورمیں نہ مانو کی رٹ کو چھوڑ کر دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے اپنی انا کی قربانی دے تاکہ ملکی امن بحال ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں ناچ گانے پر پابندی سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔