سرائے عالمگیر :مین بازار‘جی ٹی روڈ سے ریڑھی بانوں کا صفایا

سرائے عالمگیر (نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر فاروق اعظم کی ہدایت پر مین میرپوری بازار ،جی ٹی روڈ اور ملحقہ بازاروں میں ریڑھی بانوں کا خاتمہ کر دیا گیا ۔۔
عید کی خریداری کے لیے آنے والوں کو اہم شاہراہوں پر کشادہ ماحول میسر آنے پر شہریوں کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا ۔گزشتہ دنوں روزنامہ دنیا نیوز کی نشان دہی پر اسسٹنٹ کمشنر فاروق اعظم کی ہدایت پر چودھری ثاقب ساقی آفیسر میونسپل کمیٹی ،انفورسمنٹ انسپکٹر طلعت رشید نے عملے کے ہمراہ جہاں مین میرپوری بازار،سروس روڈ ملحقہ جی ٹی روڈ و دیگر بازاروں میں ریڑھی بانوں کی تجاوزات کو فوری طورپر خاتمہ کے اقدام کیے وہاں شہر بھر میں تحصیلدار کامران باجوہ ،پرائس مجسٹریٹ قیصر امین وڑائچ نے اشیا خورونوش ،پھل وغیرہ مہنگے داموں فروخت کرنے والے متعدد گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں روپے کے جرمانے بھی کیے ۔اسسٹنٹ کمشنر فاروق اعظم نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک کے آخری دنوں عید خریداری کے لیے آنے والوں کو بہتر اور کشادہ ماحول فراہم کرنے ، بازاروں میں ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے بلدیہ اہلکار رات گئے تک مین بازار و ملحقہ بازاروں میں عید الفطر تک ڈیوٹی پر مامور رہیں گے ۔