مراکزصحت کی نجکاری حکومت کا تباہ کن فیصلہ :ہیلتھ الائنس

گجرات(سٹی رپورٹر ) گرینڈ ہیلتھ الائنس گجرات کی قیادت کی پریس کلب میں مطالبات سے متعلق بھر پور پریس کانفرنس ، مطالبات کی منظوری تک احتجاج و الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔۔۔
صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گجرات ڈاکٹر مقصود زاہد،صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گجرات ڈاکٹر وقاص علی ،محمد جمیل صدر آل ہیلتھ ایمپائز ایسوسی ایشن گجرات، چیئرمین الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز ایسوسی ایشن محمد نعیم، صدر ہیلتھ سپورٹنگ سٹاف ایسوسی ایشن محمد اشرف اور ہیلتھ کی دیگر تنظیموں کے سربراہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی ایچ یوز ، آر ایچ سیز کی نجکاری کومحکمہ صحت کی تبا ہ کاری کاحکومتی فیصلہ قرار دے ڈالا، ڈاکٹر مقصود زاہد نے کہا کہ حکومت بنیادی صحت مراکز اور دیہی صحت مراکز کو آؤٹ سورسنگ کے نام پر نجکاری کی طرف لے جا رہی ہے جو خطرناک پالیسی ہے اگر حکومت نے اس پر آواز بلند کرنیوالے ملازمین کیخلاف انتقامی کارروائیاں کر کے انہیں پریشان کیا تو خاموش نہیں رہیں گے بلکہ حکومت کیلئے بھی پریشانیاں پیدا کرینگے ، ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی تذلیل اور روزگار پر حملہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر سعود افضل نے کہا کہ ضلع گجرا ت میں ابتدائی مرحلہ میں 5بی ایچ یوز کو پرائیویٹ کر دیا گیا جس کی حالت اور کارکردگی عیاں ہو چکی ہے ہم حکومت کیخلاف نہیں لیکن حکومت کا یہ عمل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو تباہی کی جانب لے جارہا ہے ۔ ڈاکٹر وقاص نے کہا کہ ریا ست کا کردار ماں جیسا ہونا چاہیے ،مائیں ہی قربانیاں دیتی آئی ہیں مگر یہاں ریاست ملازمین کی قربانی مانگ رہی ہے ماہ رمضان میں وزیر صحت کو سچ گوئی سے کام لینا چاہیے ۔