نوشہرہ :ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹرز اور ادویات کی قلت
نوشہرہ ورکاں(تحصیل رپورٹر )ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹرز اور ادویات کی شدید کمی، مریض دربدر ہوگئے ۔
بتایاگیا ہے کہ تحصیل نوشہرہ ورکاں کی 4 لاکھ سے زائد آبادی کے واحد سرکاری ہسپتال میں فزیشن، کارڈیالوجسٹ، آئی و آرتھوپیڈک سرجن،چیسٹ سپیشلسٹ سمیت کئی اہم ڈاکٹرز تعینات نہ ہو سکے جبکہ انسولین سمیت بنیادی ادویات بھی نایاب ہیں۔ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال نوشہرہ ورکاں میں عرصہ دراز سے کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کی متعدد سیٹیں خالی پڑی ہیں، تشویشناک پہلو یہ ہے روزانہ درجنوں دل کے مریض ہسپتال آتے ہیں لیکن ہسپتال میں کارڈیالوجسٹ کی سیٹ ہی موجود نہیں جس سے دل کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ڈاکٹرز کی کمی کے ساتھ ساتھ ادویات کا بحران بھی شدت اختیار کر چکا ہے ،خاص طور پر شوگر کے مریضوں کیلئے انسولین سمیت دیگر ضروری ادویات دستیاب نہیں جس سے شوگر کے مریض ازیت میں مبتلا ہیں۔ خواتین بزرگ اور دیہات سے آنے والے مریض لائنوں میں خوار ہوکر مایوس لوٹ جاتے ہیں اور مریضوں کو مہنگے داموں نجی میڈیکل سٹورز سے ادویات خریدنی پڑتی ہیں اور علاج کے لیے لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور وزیرآباد جیسے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے ، جہاں نہ صرف اخراجات زیادہ ہیں بلکہ سفری دشواریوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز، وزیر صحت پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کی خالی آسامیوں پر فوری طور پر کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کی تعیناتی کی جائے اور ادویات کی مسلسل فراہمی کا بندوبست کیا جائے تاکہ شہریوں کو بنیادی علاج کی سہولت مہیا ہو سکیں۔