چکن کی قیمت میں اضافہ، انڈے بھی مہنگے

گوجرانوالہ،سیالکوٹ (نیوز رپورٹر،نمائندہ دنیا )گوجرانوالہ ڈویژن میں برائلر مر غی کے گوشت کی قیمت میں دوبارہ اضافہ ہونے لگا۔۔
دکانداروں نے سرکاری ریٹ لسٹ نظر انداز کر کے مرضی کے ریٹ مقرر کر لئے ،دکاندار برائلر مرغی کا گوشت 680روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں جبکہ زندہ مرغی 470روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں جس کے باعث چکن عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گیا ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 560روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے لیکن دکاندار 680روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔ زندہ مرغی کا ریٹ 360روپے فی کلو گرام ہے دکاندار 470روپے فی کلو گرام فروخت کر رہے ہیں اورگوشت کی قیمتیں کم کرنے کو تیار نہیں ۔ دکانداروں نے سرکاری ریٹ لسٹ تو آویزاں کی ہوئی ہے لیکن گوجرانوالہ میں کسی بھی جگہ اس ریٹ پرگوشت نہیں مل رہا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کر نی چاہیے اور سرکاری نرخ پر مرغی کے گوشت کی فروخت کو یقینی بنایا جائے ۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جو ریٹ لسٹ جاری کی گئی ہے اس حساب سے انہیں پولٹری فامرز سے برائلر مرغی نہیں مل رہی جس پر وہ کیسے سرکاری نرخ پر فروخت کر سکتے ہیں۔دوسری طرف شدید گرمی کے با وجود انڈے کی قیمتوں میں بھی ایک ہفتے کے دوران 60روپے فی درجن کا اضافہ ہو گیا۔ قبل ازیں انڈے کے نرخ 220روپے سے 228روپے فی درجن تھے ، اب 290 روپے تک فرو خت کئے جا رہے ہیں۔