میٹرو بس منصوبہ کو وزیر آ باد تک توسیع دلائینگے :وقار چیمہ
وزیرآباد (نامہ نگار)ممبر پنجاب اسمبلی چودھری وقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ میٹرو بس منصوبے کو وزیرآباد تک توسیع دینے کے لیے ہر ممکنہ کوششیں جاری ہیں تاکہ اہل وزیرآباد کو اس جدید سفری سہولت کا تحفہ مل سکے ۔۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز مسلم لیگی رہنما میاں شہباز احمد چنڈور کے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سینئر مسلم لیگی رہنما و سابق کونسلر افتخار احمد بٹ، صابر حسین بٹ، مہر فیاض فیضی، ضمیر کاظمی اور رضا مہر بھی موجود تھے ۔ ایم پی اے وقار چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کیے اور انہیں کامیابی سے مکمل بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میٹرو بس منصوبہ اسی عوامی خدمت کا ایک تسلسل ہے اور وہ خود پارٹی قیادت سے بات کریں گے تاکہ اس منصوبے کو وزیرآباد تک توسیع دی جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرآباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں روزانہ سینکڑوں مریضوں کے ساتھ ساتھ ان کے ہزاروں لواحقین بھی آتے ہیں جن کیلئے ایک جدید، سستی اور بااعتماد سفری سہولت فراہم کرنا ناگزیر ہے ۔ علاوہ ازیں شہر کی کٹلری انڈسٹری سے وابستہ ہزاروں مزدور روزانہ قریبی شہروں کا سفر کرتے ہیں جنہیں میٹرو بس سے نمایاں سہولت میسر آ سکتی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیرآباد کے سول ہسپتال میں گائنی کا شعبہ اب 24 گھنٹے کے لیے فعال کر دیا گیا ہے جو شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ چند روز میں اس نئے شعبے کا باقاعدہ افتتاح بھی متوقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حلقہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔