ڈویژنل پبلک سکول نوشہرہ ورکاں میں تقریب تقسیم انعامات
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول نوشہرہ ورکاں کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے شرکا سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام سرکاری و نیم سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے بہتر بنا رہی ہے ۔ ڈی پی ایس نوشہرہ ورکاں نے مختصر عرصہ میں محنت اور معیاری تعلیم کی فراہمی سے تحصیل میں نام بنایا ہے ، اساتذہ بھرپور محنت جاری رکھیں، طلبہ کو سائنسی، آئی ٹی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی علوم سے بھی روشناس کریں، تعلیم اور تربیت پر یکساں توجہ دی جائے تاکہ ملک و معاشرے کو بہترین افرادی قوت مہیا کی جاسکے ۔
ڈپٹی کمشنر نے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ہمارے ہونہار بچوں نے بہترین کارکردگی کو مظاہرہ کیا ان کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور سیکھنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ کامیابیاں نہ صرف ان بچوں کے لیے بلکہ خصوصی طور پر اساتذہ کیلئے باعث فخر ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے طلبا و طالبات کی طرف سے لگائے سائنسی ماڈلز کا بھی معائنہ کیا، طلبہ اور اساتذہ کی محنت و لگن کو سراہا۔ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں جواد حسین پیرزادہ اور پرنسپل ڈی پی ایس نوشہرہ ورکاں بھی اس موقع پر موجود تھے ۔