فوج نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا:عبد الخبیر آزاد
گلیانہ(نامہ نگار ) رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین اور بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا عبد الخبیر آزاد نے گلیانہ کا دورہ کیا۔۔
جہاں انہوں نے معروف سماجی شخصیت سرفراز سبحانی سپین کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔مولانا عبد الخبیر آزاد نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور صبر جمیل کی دعا دیتے ہوئے کہا کہ والدہ جیسی عظیم ہستی کا دنیا سے چلے جانا ناقابلِ تلافی نقصان ہوتا ہے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک کے موجودہ حالات، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے جس بہادری اور جانفشانی سے دشمن بھارت کا مقابلہ کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے ۔ ہمارے سپاہیوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ، ہم سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ۔مولانا عبد الخبیر نے مزید کہا کہ شہدا کی قربانیاں، افواجِ پاکستان کا جذبۂ ایثار اور قوم کیلئے ان کی خدمات، پاکستان کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔اختتام پر انہوں نے کشمیری اور فلسطینی عوام، افواجِ پاکستان اور وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔