نجی ہسپتالوں کے باہر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز قائم

نجی ہسپتالوں کے باہر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز قائم

گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کو ئی انتظام نہیں ، سرکاری جگہوں ، سڑکوں پر قائم سٹینڈز ٹھیکے پر دئیے جانے لگے ،شہریوں کا احتجاج

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اورمیونسپل کارپوریشن کی جانب سے پابندی اور کارروائی کے باوجود نجی ہسپتالوں کے باہر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ بدستور قائم ہیں مریضوں اور لواحقین کودونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا ،گوجرانوالہ میں منیر چوک ، سول لائن ، ماڈل ٹاؤن ، سیٹلائٹ ٹاؤن ، جی ٹی روڈ ،پیپلز کالونی ، عالم چوک سمیت دیگر علاقوں میں قائم نجی ہسپتالوں نے گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے خاص انتظام نہیں کیا ہے اور انہوں نے ہسپتالوں کے باہر سڑکوں پر ہی پارکنگ سٹینڈ بنا رکھے ہیں اور سرکاری جگہوں پر بنائے پارکنگ سٹینڈز کو خود ساختہ طور پر سالانہ ٹھیکہ پر بھی دے رکھا ہے جبکہ ہسپتالوں میں علاج معالجہ اور مریضوں کی عیادت کیلئے آنیوالوں سے موٹر سائیکل اور کار پارکنگ فیس کی مد میں رقم وصول کی جارہی ہے ۔ نجی ہسپتالوں کے مالکان مریضوں اور ان کے لواحقین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ شہریوں نے شدید احتجا ج کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدرشیرازی ، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سمیت دیگر اعلٰی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں