ضلع گوجرانوالہ :ریکارڈجرائم ‘رواں سال 64ہزار 783مقدمات

ضلع گوجرانوالہ :ریکارڈجرائم ‘رواں سال 64ہزار 783مقدمات

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )سال 2025کے دوران ضلع گوجرانوالہ میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہو گیا ، ضلع کے 24تھانوں میں مجموعی طور پر 64 ہزار 783مقدمات درج ہوئے ‘ 40ہزار 831 مقدمات کے چالان سماعت کیلئے عدالتوں میں بھجوائے گئے‘ 23ہزار سے زائد مقدمات کے چالان تفتیشی افسران کی الماریوں اور صندوقوں میں پڑے ہوئے ہیں ۔

سال رواں میں گوجرانوالہ ضلع کے 24 تھا نوں میں مقدمات کے اندراج کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ۔ تھانہ سیٹلائٹ ٹائون ، پیپلز کالونی ، سول لائنز ، باغبانپورہ ، گرجاکھ ، دھلے ،کینٹ سمیت ضلع کے 24تھانوں میں قتل ڈکیتی راہزنی چوری اغوا منشیات فروشی اقدام قتل سمیت دیگر سنگین اور معمولی نوعیت کے مجموعی طور پر 64ہزار 783 مقدمات درج کئے گئے‘2023میں ضلع بھر کے تھانوں میں درج ہونے والے مقدمات کی تعداد 41897 تھی جبکہ 2024 میں مجموعی طور پر 59509مقدمات درج ہوئے تھے ۔ پولیس اور عدالتی ذرائع کے مطابق سال رواں میں درج ہونے والے مقدمات میں سے پولیس نے 40 ہزار 783مقدمات کے چالان سماعت کیلئے عدالتوں میں بھجوا دئیے جبکہ 23ہزار سے زائد چالان تا حال باقی ہیں ۔ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے ایک آفیسر نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ سال رواں مقدمات کے اندراج میں اضافہ کی بڑی وجہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مقدمات ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں