ہسپتالوں ، کلینکس میں ایف بی آر مانیٹرنگ نا منظو ر:پی ایم اے
اقدام واپس نہ لیا گیا تو پنجاب بھر کے ہسپتالوں کی تالا بندی پر مجبور ہو جائیں گے :رہنما
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گوجرانوالہ نے ایف بی آرکی طرف سے مانیٹرنگ کے نام پر ہسپتالوں اور کلینکس پر اہلکار بٹھانے کے عمل کی شدید مذمت کی ہے ، صدر پی ایم اے گوجرانوالہ ڈاکٹر مدثر رسول اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر وقار ظفر باجوہ نے کہا کہ ڈاکٹروں اور ہسپتال عملے کو ہراساں کرنا ناقابل قبول ہے ، ڈاکٹر کمیونٹی کو سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے ۔ ڈاکٹرز کمیونٹی کے نمائندوں نے بارہا ایف بی آر کے عہدیدار وں سے ملاقات کر کے معاملے کی سنگینی اور تحفظات سے آگاہ کیا ہے لیکن تمام زمینی حقائق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ارباب اختیار کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی، ٹیکسوں کے لا متناہی سلسلہ میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے ، پی او ایس سسٹم کے جھانسے میں ہسپتالوں اور کلینکس کو یرغمال بنانے کا نیا سلسلہ ڈاکٹروں کیلئے کسی صورت قابل قبول نہیں اس سے نہ صرف ڈاکٹرز و عملہ پر دباؤ بڑھے گا بلکہ غریب مریضوں کا علاج بھی متاثر ہو گا، میڈیکل کا شعبہ essential services ہے جس میں صحت و زندگی کی ضمانت پوشیدہ ہے ، اسکو کاروبار کا درجہ نہیں دیا جانا چاہیے ، حکومت وقت تاجروں اور مسیحائی کے شعبے میں فرق کو سمجھے ۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حافظ وقار ظفر باجوہ کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں ڈاکٹرز اس نئے قانون کیخلاف سراپا احتجاج ہیں اور یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس جارحانہ اقدام کو واپس لیا جائے ، ورنہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں کی تالا بندی پر مجبور ہو جائیں گے ۔