سوشل میڈیا کا غلط استعمال نئی نسل بے راہ روی کاشکار
جامکے چٹھہ(نامہ نگار)نوجوانوں میں ون ویلنگ، سوشل میڈیا کا غلط استعمال اور ای سگریٹ کا بڑھتا رجحان، والدین و سماج کیلئے خطرے کی گھنٹی بجنے لگی ۔
شہر اور گردونواح میں نوجوانوں کے اندر ون ویلنگ، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے بے جا استعمال کے ساتھ ساتھ ای سگریٹ (ویپ) کا رجحان تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے جو معاشرتی بگاڑ کا سبب بھی بن رہا ہے جبکہ کم عمر نوجوان موٹر سائیکلوں پر خطرناک ون ویلنگ کرتے نظر آتے ہیں، جس کے باعث آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوان اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں جبکہ پولیس کی کارروائی کے باوجود یہ سلسلہ تھم نہ سکا۔
دوسری جانب انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا حد سے زیادہ استعمال نوجوانوں کی ذہنی اور تعلیمی صلاحیتوں کو متاثر کر رہا ہے ۔ ماہرین کے مطابق سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی اور پرتشدد مواد نوجوانوں کے رویّوں میں بگاڑ پیدا کر رہا ہے ۔ شہریوں، والدین اور سماجی حلقوں نے مشترکہ اقدامات اٹھانے کامطالبہ کیاہے ۔