صاف ستھرا پروگرام ،سرکاری سکولوں کو بھی بل جاری
لالہ موسیٰ (نامہ نگار)سرکاری سکول اور عید گاہ روڈ بھی صاف ستھرا پنجاب بل کی زد میں آگئے ،صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اب سرکاری سکولوں کو بھی بل جاری کیے جا رہے ہیں۔
میونسپل بوائز پرائمری اسکول لالہ موسیٰ عید گاہ روڈ کے لیے ماہانہ 3000 روپے کے حساب سے بل عائد کیا گیا جبکہ پانچ ماہ کی عدم ادائیگی پر جرمانہ شامل کر کے مجموعی طور پر 16,500 روپے کا بل جاری کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق صفائی کے اس پروگرام میں تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات کو بھی شامل کر لیا گیا ہے ، جس پر اساتذہ اور شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے ہی سرکاری اسکول محدود وسائل میں کام کر رہے ہیں، ایسے میں اضافی مالی بوجھ تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کر سکتا ہے ، جبکہ عوامی سڑکوں پر الگ سے بل عائد کرنا بھی سوالیہ نشان بن رہا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں اور عوامی شاہراہوں کے لیے الگ پالیسی مرتب کی جائے یا انہیں اس طرح کے بلوں سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ، تاکہ عوام اور تعلیم دونوں کو غیر ضروری مالی دباؤ سے بچایا جا سکے ۔