ملکوال اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ
ملکوال(نمائندہ دنیا نیوز)ملکوال شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے کاروباری طبقہ اور شہری پریشان، کاروبار اور معمولات زندگی ٹھپ ہوکررہ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے اسلامپورہ فیڈر، دھپ سڑی سمیت دیگر فیڈرز میں دن رات کے اوقات میں بغیر کسی پیشگی اطلاع اور شیڈول کے گیپکو کی طرف سے بجلی گھنٹوں بند رکھی جاتی ہے ۔ جس سے شہری اور کاروباری طبقہ پریشان و مشکلات کا شکار ہے ۔ متاثرہ افراد نے کہا کہ اتنی شدید سردی میں بجلی کی کھپت بھی بہت کم ہے لیکن گیپکو کی طرف سے ملکوال کے مختلف فیڈرز کی کسی اعلان کے بغیر گھنٹوں بندش سے بجلی سے منسلک کاروباری طبقہ سخت پریشان ہیں۔ مزدور لوگ بجلی نہ ہونے سے شام کو خالی ہاتھ گھر لوٹتے ہیں۔ جبکہ گھروں میں خواتین کو بھی کام میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ متاثرہ افراد نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پانی وبجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ سردیوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فوری ختم کیا جائے ۔ رابطہ پر گیپکو ترجمان نے کہا کہ شدید دھند کی وجہ سے سسٹم ڈاؤن ہونے سے مسئلہ پیدا ہوا ہے جلد حل ہو جائے گا اور بجلی مسلسل فراہم ہو گی۔