ملکاں والا بازار میں کوڑے کے ڈھیر، تاجر خودصفائی پر مجبور
لاکھوں روپے ٹیکس دیتے ،6 ماہ سے کوئی سینٹری ورکر نہیں آ یا :تاجر پھٹ پڑے
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )لدھیوالہ میں ستھرا پنجاب پروگرام ناکام، ملکاں والا بازار میں کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ، تاجر اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کرانے لگے ۔ بتایا گیا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کی گلی محلوں میں کوڑے کے ڈھیروں سے جہاں بد بو پھیل رہی ہے وہیں غوثیہ بازار کے تاجروں قیصر صدیق ،جمشید سیٹھی ،مبین ،بابر حسین و دیگر نے بتایاکہ ہم حکومت کو سالانہ لاکھوں روپے ٹیکس دیتے ہیں لیکن ہمیں کسی قسم کی کوئی سہولت نہیں فراہم کی جا رہی ،6 ماہ سے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کوئی بھی سینٹری ورکر بازار کی صفائی نہیں کرنے آیا ،بازار میں کوڑے کے ڈھیر اور بند نالیوں کی وجہ سے پانی کھڑا ہے جس کی وجہ سے کاروبار بند ہو کر رہ گیا ۔ تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے غوثیہ بازار کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے احکامات جاری کریں ۔