آگ سے بچائو کے انتظامات نہ ہونے پر کاروباری مراکز سیل
ڈپٹی کمشنر حافظ آ باد کا رائس ملز کا دورہ ،انتظامات کا جائزہ ، اجلاس کی صدارت
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ تمام فیکٹریوں،رائس ملز،شاپنگ پلازہ اور کاروباری مراکز میں فائر سیفٹی کے حوالے سے آگ بجھانے والے تمام ضروری آلات ،واٹر ہائیڈرینٹ اور دیگر حفاظتی و احتیاطی انتظامات کو 100فیصد یقینی بنایا جائے فائر سیفٹی کے انتظامات نہ ہونے پر فیکٹریوں،رائس ملز،شاپنگ پلازہ اور دیگر کاروباری مراکز کو سیل کر دیا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نے فائر سیفٹی انتظامات کے حوالے سے رائس ملز کے دورہ اور ضلعی محکموں کے افسر وں کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے خانقاہ ڈوگراں کرمولا چوک کے قریب اور مد ہریانوالہ روڈ پر رائس ملز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تما م فیکٹریوں،ملوں،شاپنگ پلازہ اور دیگر کاروباری مراکز میں فائر الارم بھی نصب ہونے چاہئیں اور فائر سیفٹی کے حوالے سے تمام ورکرز کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے تمام معلومات اور ٹریننگ ہونی چاہیے ۔