میٹرک امتحانات میں غیر معیاری جوابی کاپیاں،جانچ پڑتال کیلئے لیبارٹری ارسال
کاغذ کا معیار مقررہ گرام سے کم، سیاہی پھیلنے یا کسی بھی قسم کی خرابی ثابت ہوئی تو سخت کارروائی ہوگی:بورڈ حکام ،متعلقہ وینڈر کو ادائیگی روک دی،روزانہ تمام مراکز سے رپورٹ طلب
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ ایجوکیشن بورڈ نے میٹرک امتحانات کے دوران انگلش کے پیپر میں چند طلبہ کے پاس غیر معیاری جوابی کاپیوں کی شکایات کا سختی سے نوٹس لے لیا ۔ ذرائع کے مطابق بورڈ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ وینڈر کو ادائیگی روک دی ۔ بورڈ حکام نے شکایات موصول ہونے پر غیر معیاری جوابی کاپیوں کو جانچ پڑتال کیلئے PCSIR کی لیبارٹری بھجوا دیا ہے جہاں سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد بورڈ اپنی الگ انکوائری رپورٹ بھی مرتب کرے گا جس کی روشنی میں کارروائی کی جائیگی۔ بورڈ جکام نے واضح کیا ہے کہ جوابی کاپی کے کاغذ کا معیار مقررہ گرام سے کم ہوا، سیاہی پھیلنے یا کسی بھی قسم کی خرابی ثابت ہوئی تو ذمہ دار وں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر احتشام جان بٹ نے گوجرانوالہ ریجن میں قائم 686 امتحانی مراکز کے سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت جاری کر دی ہیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر جوابی کاپیوں کا معائنہ کریں ۔ بورڈ حکام کے مطابق 8 مئی تک روزانہ کی بنیاد پر تمام مراکز سے رپورٹس اکٹھی کر کے جائزہ لیا جائے گا۔