ودہو لڈنگ،دیگرٹیکس وصولی کیلئے ٹیمیں متحرک
سرکاری اداروں کے ڈویژنل و ضلعی سربراہ تمام ترقیاتی و سپلائی بلوں سے ودہولڈنگ ٹیکس کی نئی شرح سے کٹوتی کرنے کے پابند،ایف بی آر نے مراسلہ بھیج دیا
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)ایف بی آر گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام وفاقی و صوبائی اداروں کے سینکڑوں ٹھیکیداروں، سپلائرز ، کمپنیوں اور سرکاری اداروں سے ودہولڈنگ اور دیگر ٹیکس وصولی کیلئے ٹیموں کو فعال کردیا گیا ،سرکاری اداروں کے ڈویژنل و ضلعی سربراہان کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ جون تک تمام ترقیاتی و سپلائی بلوں سے ودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی کرکے اسکی رقم ریجنل ٹیکس ڈائریکٹوریٹ بھجوانے کے پابند ہوں گے ،گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، گجرات، نارووال،وزیر آباد اور منڈی بہاؤالدین کے ٹھیکیداروں، سپلائرز اور کمپنیوں سے ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں ایک ارب روپے سے زائد وصول کیا جائیگا ۔گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں ٹیکس حکام کو کروڑوں روپے اضافی ٹیکس ملنے کی توقع ہے ۔ سرکاری اداروں کے ڈویژنل و ضلعی سربراہوں کو مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ٹیکس کی کٹوتی نئی شرح سے کی جائے ریجنل ٹیکس ڈائریکٹوریٹس کی طرف سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،میونسپل کارپوریشنز ،ڈسٹرکٹ کونسلز ،میونسپل کمیٹیوں کے سربراہوں ،محکمہ لوکل گورنمنٹ، جی ڈی اے ، واسا، گیپکو، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل، محکمہ انہار، وفاقی و صوبائی ہائی وے ،جنگلات، محکمہ بلڈنگز، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت اور بینکوں کے ریجنل و ضلعی سربراہوں کو مراسلہ بھیجا گیا ہے ۔