ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سیل، طلبہ کی بازار میں اسمبلی
طالبات کوریڈور ، طلبہ دکانوں کے تھڑوں پر بیٹھے رہے ،400سے زائد زیر تعلیم ضلعی انتظامیہ کا نوٹس ، فوری ڈی سیل کر دیا ،کرایہ کی عد م ادائیگی پر بند کیا گیا تھا
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں پنجاب حکومت کے تحت چلنے والے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کو سیل کیے جانے کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ادارے کو ڈی سیل کر دیا۔ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کو دو روز قبل سیل کیا گیا تھا جس کے باعث آج تعلیمی ادارے کھلنے پر طلبہ و طالبات جب انسٹیٹیوٹ پہنچے تو ادارہ بند تھا۔ اس صورتحال میں طلبہ اور اساتذہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اساتذہ نے مجبوری کے تحت طلبہ کی اسمبلی بازار میں کر ائی جبکہ طالبات کو کالج کے کوریڈور میں بٹھایا گیا اور طلبہ مبینہ طور پر بازار کے تھڑوں اور دکانوں کے سامنے بیٹھنے پر مجبور ہو گئے ۔اس حوالے سے بچوں کی مشکلات، بازار میں اسمبلی اور ادارے کے باہر کھڑے ہونے پر ضلعی انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے ادارے کو ڈی سیل کر دیا۔ادارہ سیل ہونے سے 400 سے زائد طلبہ و طالبات متاثر ہوئے جو 11 مختلف کورسز میں زیر تعلیم ہیں جبکہ 5 اپریل کو ہونے والے آر پی ایل اسسمنٹ امتحان کا سنٹر بھی اسی ادارے میں قائم ہے جس کے متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔بتایا گیا ہے کہ کرا یہ کے واجبات کی مبینہ عدم ادائیگی پر ادارے کو سیل کیا گیا تھا۔