سیالکوٹ ایئر پورٹ:جعلی دستاویزات پر یورپ جانے کی کو شش
لیپ ٹاپ میں چھپایا گیا جعلی ریزیڈنٹ کارڈ برآمد ، مسافر محمد ابو بکر آف لوڈ
سیالکوٹ ،گوجرانوالہ (نمائندہ دنیا ، نیوز رپورٹر)ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے جعلی دستاویزات کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی ،لیپ ٹاپ میں چھپایا گیا جعلی ریزیڈنٹ کارڈ برآمد کر لیا ۔مسافر محمد ابو بکر پرواز PF-720 کے ذریعے عمرہ کیلئے سعودی عرب جا رہا تھا۔ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافر عمرہ سے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکا جس پر مزید تفتیش کی گئی۔مسافر کے موبائل فون کی تلاشی کے دوران یورپ جانے کے لیے جعلی دستاویزات کے استعمال کا منصوبہ بے نقاب ہو گیا۔تلاشی کے دوران مسافر کے ہینڈ کیری بیگ سے ایک لیپ ٹاپ برآمد ہوا جس پر شک پیدا ہوا۔لیپ ٹاپ کی تفصیلی جانچ کے دوران اس کی ایل ای ڈی کے پیچھے چھپائے گئے سپین کے دو جعلی کارڈ برآمد کر لئے گئے ۔برآمد ہونے والے کارڈز میں سپین کا جعلی ریزیڈنس کارڈ اور ہیلتھ کارڈ شامل ہیں ۔تفتیش کے دوران مسافر نے اعتراف کیا کہ اس نے وزیرآباد کے ایجنٹ سے سپین پہنچانے کا معاہدہ کیا تھا۔انسانی سمگلنگ کے معاہدے کے تحت مسافر نے ایجنٹ کو 92 لاکھ روپے ادا کرنے تھے ۔منصوبے کے مطابق مسافر نے جدہ پہنچ کر پاکستانی دستاویزات ضائع کر کے ترکی کے راستے اسپین پہنچنا تھا۔ مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا ۔