کیپ کا ترقیاتی منصوبوں پر مہنگائی کے تناسب سے ادائیگی کا مطالبہ
حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے ملک بھر میں کام بند کرنے پر مجبور ہونگے :ترجمان
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس زیرصدارت چیئرمین افضال الرحمن منعقد ہو جس میں تمام اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔پٹرول کی بچت کو مد نظر رکھتے ہوئے اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک ہوا جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور کنسٹرکشن انڈسٹری پر پڑنے والے منفی اثرات پر غور کیا گیا ۔چیف ایڈوائزر کیپ انجینئر ارشد داد نے شرکا کو بتایا کہ وزیراعظم کے حکم پر 3 ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، ایک کمیٹی ایم ڈی پیپرا پاکستان کی سربراہی میں دوسری کمیٹی وزیرمملکت خزانہ کی سربراہی اور تیسری کمیٹی وزارت منصوبہ بندی میں بنائی گئی ہے جن کیساتھ مذاکرات بارے شرکا کو آگا کیا گیا ۔ سابق چیئرمین کیپ کمال ناصر نے اتھارٹی بارے انکشاف کیا کہ ای پیڈ سسٹم کے مطابق ہونے والے ٹینڈرز میں مبینہ طور پر کنسٹرکٹر زکے ریٹ کو قبل از وقت لیک کرنا اور بی او کیو تک کو تبدیل کرنا ٹینڈرز پراسس کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے ، شرکا نے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کو موجودہ بحران سے بچانے کیلئے صوبائی حکومتیں زیر تعمیر پراجیکٹ پر بلاتفریق مہنگائی کے تناسب سے ہر بل پرپرائس ویری ایشن کی ادائیگی شروع کرے جو کنسٹرکٹر ز کا آئینی اور قانونی حق ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت نے مطالبات بارے مثبت قدم نہ اٹھایا تو ملک بھر میں تمام ترقیاتی کام بند کرنے پر مجبور ہو جائینگے ۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخی مہنگائی کے طوفان میں گورنمٹ ریلیف کے بغیر ترقیاتی منصوبے مکمل کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے ۔