راستہ نہ ملنے پراسلحہ تان لیا ،شادی تقریب میں بھگدڑ
پنڈی بھٹیاں میں سابق یوسی چیئرمین یونین کے محافظوں کی سابق سیکرٹری بار پر چڑھائی پولیس نے سابق چیئرمین سمیت 8افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ،کوئی گرفتاری نہ ہو سکی
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)ضلع حافظ آباد میں اسلحہ کی نمائش کا کلچر پولیس کی چشم پوشی کی وجہ سے ختم نہ ہو سکا ،لاقانونیت کی انتہا گزشتہ روز تھانہ کسیسے کے قریب ایک شادی ہال میں درجنوں افراد کے سامنے نظر آئی جہاں سابق چیئرمین یونین کونسل کے گن مینوں نے سابق جنرل سیکرٹری بار پر اسلحہ تان لیا ۔ایف آئی آر کے مطابق سابق جنرل سیکرٹری بار رائے صدام حسین شادی کی تقریب میں سٹیج کے قریب کھڑے تھے کہ سابق چیئرمین یونین کونسل رائے محمد زمان ذیلدار کے گن مینوں نے انہیں راستہ سے ہٹانے کیلئے اسلحہ تان لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق سابق چیئرمین نے للکارا مارا کہ اسے جان سے مار دو ،شادی کی تقریب میں موجود افراد نے بیچ بچاؤ کرایا ۔تھانہ کسیسے پولیس نے سابق یوسی چیئرمین سمیت 8 افراد کیخلاف واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا لیکن تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری نہ ہو سکی ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں سیاستدان اور بااثر افراد اسلحہ کی نمائش کو اسٹیٹس سمبل سمجھتے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں جس سے اسلحہ کلچر کو فروغ مل رہا ہے ،اعلیٰ حکام کو واقعہ کا نو ٹس لیتے ہوئے اسلحہ نمائش کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ عام آ دمی کا عد م تحفظ ختم ہو اور معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکے ۔