ذوالفقار علی بھٹو شہید کا فلسفہ مظلوموں کی امید:حسن مرتضیٰ

ذوالفقار علی بھٹو شہید کا فلسفہ مظلوموں کی امید:حسن مرتضیٰ

پاکستان کا وقار بلند ہونے کی بڑی وجہ ایٹمی پروگرام ، جو بھٹو شہید نے شروع کیا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری، سابق صوبائی وزیر اور تقریب کے مہمان خصوصی حسن مرتضیٰ سید نے کہا ہے کہ بھٹو ازم ایک صوفیانہ رنگوں سے مزین فلسفہ ہے جس پر عمل کرنے والا سر کٹا سکتا ہے مگر کسی جابر آمر کے سامنے جھک نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے غریبوں کو جینے کا ڈھنگ سکھایا اور وہ مظلوموں کی امیدوں کا محور تھے ۔انہوں نے کہا کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہونے کی بڑی وجہ ایٹمی پروگرام ہے ، جس کی بنیاد بھٹو شہید نے اپنے خون سے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کی 47ویں برسی کے موقع پر یہ دن قوم کے لیے یوم سیاہ بھی ہے اور تجدید عہد کا دن بھی ہے۔

یہ باتیں انہوں نے جنرل سیکرٹری سیکرٹریٹ چوک جمیل آباد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ جلسے کی صدارت سٹی صدر رانا نعیم دستگیر خاں نے کی جبکہ میزبانی میاں اشفاق حسین نے کی۔ اس موقع پر متعدد رہنماؤں نے بھی خطاب کیا جن میں نائب صدر سنٹرل پنجاب چوہدری محمد ارشد جٹ، ڈویژنل صدر پیر سید عنایت علی شاہ، سیکرٹری اطلاعات رانا خاور جاوید، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد اطہر شریف اور دیگر شامل تھے ۔چوہدری محمد ارشد جٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑی ہے ۔ پیر سید عنایت علی شاہ نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کا راستہ صرف بھٹو ازم میں ہی ہے اور ملک میں اس نظام کے نفاذ سے عوام کو بہتر معیار زندگی مل سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں