گندم کٹائی ریٹ میں کمی کیلئے فوری مذاکرات کی ہدایت
پٹرولیم مصنوعات مہنگی ،حکومت کاشتکاروں کو معاونت فراہم کر رہی: وزیر زراعت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے فیلڈ فارمیشنز کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) محمد شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز چودھری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر متعلقہ افسر شریک ہوئے ، جبکہ فیلڈ فارمیشنز کے افسر آن لائن موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے ہدایت کی کہ گندم کی کٹائی کے ریٹس میں کمی کے لیے سروس پرووائیڈرز کے ساتھ فوری مذاکرات کیے جائیں اور کاشتکاروں سے مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ کٹائی کے دوران انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے باعث ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر حکومت گندم کے کاشتکاروں کو 1500 روپے فی ایکڑ کے حساب سے مالی معاونت فراہم کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب اس مالی اعانت کی خود مانیٹرنگ کریں گی۔