ڈسکہ :واٹر سپلائی برانچ صارفین کی شکایات حل کرنے میں ناکام

 ڈسکہ :واٹر سپلائی برانچ صارفین کی شکایات حل کرنے میں ناکام

متعلقہ حکام کی عدم توجہ کے باعث مسائل جوں کے توں ، متاثرین دربدر ، شدید احتجاج

موترہ(نامہ نگار )میونسپل کمیٹی ڈسکہ کی واٹرسپلائی برانچ شہریوں کی شکایات حل کرنے میں ناکام ہو گئی ، شہری در بدر کی ٹھوکریں کھانے پرمجبور ہوگئے ۔ میونسپل کمیٹی ڈسکہ کی واٹر سپلائی برانچ کے اہلکار سرکاری پائپ لائن کے متعلق درج شہریوں کی شکایات حل کرنے میں ناکام ہیں جو شہری انہیں اپنے گلی محلہ میں سرکاری پائپ لائن خراب ہونے کی شکایت درج کر ا دے تو ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکال دیتے ہیں جس کی وجہ سے شہری شکایات کے حل کیلئے میونسپل کمیٹی کی واٹرسپلائی برانچ کے چکر لگالگاکر شٹل کاک بن جاتے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔ شہری شکایت کے متعلق سب انجینئر کبیر کوبھی آگاہ کرچکے ہیں مگر ان کے کانوں پربھی جوں تک نہیں رینگ رہی۔ ڈسکہ کے محلہ بھاٹانوالہ سمبڑیال روڈ کے رہائشیوں نے بتایاکہ ہماری گلی میں سرکاری پائپ لائن جگہ جگہ سے خراب ہے جس کی وجہ سے گلی اور لوگوں کے گھر نیچے بیٹھ رہے ہیں ،شکایات واٹرسپلائی برانچ اور سب انجینئر کو درج کراچکے ہیں مگر مسئلہ جوں کا توں ہے ۔شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب ’کمشنرگوجرانوالہ ’ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں