سمبڑیال:رین واٹر سٹوریج ٹینک کی تعمیر ، شہری پر یشان
تعمیر کے باعث مرکزی گزرگاہ ڈیڑھ ماہ سے بند ،شہری گلی محلوں سے گزرنے پر مجبور
سمبڑیال(سٹی رپورٹر)رین واٹر سٹوریج ٹینک کی تعمیر نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ شہریوں کی مین گزرگاہ ڈیڑھ ماہ سے بند ہے ،شہریوں نے غیر معیاری مٹیریل استعمال اور ورک آرڈر کے مطابق تعمیر نہ ہونے پر تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ صوبائی وزیر بلدیات کے سمبڑیال ترقیاتی پیکج میں تقریباً 12 رین واٹر سٹوریج ٹینک کی تعمیر بھی شامل تھی جس میں دو ٹینکس کی تعمیر کیلئے گورنمنٹ رول ڈسپنسری اڈا اور بابو غلام نبی روڈ جامع مسجد شرقی کے سامنے کھدائی کی جا رہی ہے ،ڈسپنسری میں ٹینک کی تعمیر پر مقامی شہری پہلے ہی تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں جبکہ جامع مسجد شرقی کے سامنے جگہ کی کھدائی کے دوران راستے بند ہونے اور متبادل روٹ نہ دینے سے لوگ مختلف گلیوں کو بطور گزرگاہ استعمال کر رہے ہیں جس سے نہ صرف وہاں کے مکین موٹر سائیکلوں اور رکشوں ، گاڑیوں کے گزرنے کے شور سے ذہنی اذیت کا شکار ہو رہے ہیں بلکہ گلیوں کی ٹوٹ پھوٹ بھی ہو رہی ہے ، ڈیڑھ ماہ سے شہری مشکلات میں مبتلا ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے غیر معیاری مٹیریل کے استعمال پر نوٹس لینے اور مقررہ وقت میں تعمیر کا مطالبہ کیا ہے ۔