حافظ آباد:کوڑے کے ڈھیر ، نکاسی آب کی صورتحال ابتر
ملازمین کو برطرف کرکے دوسرے شہروں سے من پسند افراد کی بھرتی کا انکشاف
حافظ آباد (نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں ستھرا پنجاب پروگرام کے حکام کی مبینہ عدم دلچسپی، لاپروا ئی و غفلت کے باعث شہری و دیہی علاقے کوڑے کے ڈھیر کا منظر پیش کرنے لگے ،نکاسی آب کے مسائل صفائی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بن گئی۔تحصیل منیجر صرف فوٹو سیشن سے افسر وں کو خوش کرنے میں مصروف ہیں ،افسر اپنی ہٹ دھرمی،غفلت اور لاپروا ئی کے باعث ستھرا پنجاب پروگرام ناکام بنانے کی کوشش کرنے لگے ،سپروائزر ی سٹاف کو ملنے والا پٹرول افسر خورد برد کرنے لگے ، اطلاع اور ضروری کام کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں سے ایک چھٹی پر دو ہزار روپے کی کٹوتی ،عرصہ دراز سے بھرتی ملازمین کو برطرف کر کے بیرون شہروں سے من پسند افراد بھرتی کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔شہر کے کئی علاقے صفائی کے ناقص انتظامات،نکاسی آب کی ابتر صورتحال کی وجہ سے کوڑا کرکٹ سے بھرے پڑے ہیں اور لوگ صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں ۔ ذرائع کے مطابق حافظ آباد میں ستھرا پنجاب پروگرام کے کرتا دھر تا کے عدم توجہی کے با عث کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔ مذکورہ افسر کے ناروا رویہ کے خلاف سپروائزر اور دیگر فیلڈ سٹاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، گزشتہ روز بھی سینٹری ورکرز بڑی تعداد میں احتجاجاً ایم این اے کے ڈیر ے پر پہنچ گئے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی نظام کو بہتر بنانے کیلئے محنتی آفیسر کو تعینات کیا جائے ۔