کمشنر کا بارش کے دوران گجرات کا دورہ ، نکاسی آب کا معائنہ
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری اربوں روپے کے سیوریج منصوبوں کا جائزہ
گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )کمشنر نوید حیدر شیرازی کا دوران بارش منیجنگ ڈائریکٹر واسا کاشان حفیظ بٹ کے ہمراہ گجرات شہر کی اہم شاہراہوں و نشیبی علاقوں کا دورہ،سیوریج و نکاسی آب کے نظام کی صورتحال کا معائنہ،پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری اربوں روپے کے سیوریج منصوبوں کا جائزہ لیا ۔ کمشنر نے شہر کے نشیبی علاقوں سمیت اہم شاہراہوں جن میں جیل چوک، کچہری چوک، جناح روڈ، جیل چوک ڈسپوزل سٹیشن، کورٹ روڈ سمیت اندرون شہر کا دورہ کیا اس موقع پر شہر میں سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کا جائزہ لیا گیا ۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا کاشان حفیظ بٹ نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے باوجود نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور مختلف مقامات پر ڈی واٹرنگ سیٹس کے ذریعے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،کمشنر گوجرانوالہ نے واسا ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران جس طرح واسا کے عملے نے بروقت اور بہتراقدامات کیے ہیں وہ قابل تعریف ہیں ۔بعدازاں کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری اربوں روپے مالیت کے سیوریج منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے کچہری چوک (ظہورالٰہی سٹیڈیم)میں جاری 100 کیوسک کے ڈسپوزل سٹیشن کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا ۔