ایکوائر اراضی ہائی وے کو منتقل نہ ہو سکی ، لینڈ مافیا متحرک
متاثرہ مالکان نے بدعنوانی کی انکوائری اور ریکارڈ منتقلی کیلئے حکام سے اپیل کر دی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر )موضع قلعہ سندر سنگھ اعوان چوک بائی پاس گوجرانوالہ سے چندا قلعہ بائی پاس کیلئے 1976 میں پنجاب ہائی وے کی طرف سے ایکوائر کی گئی اراضی کا ریکارڈ آج تک محکمہ کے نام منتقل نہ ہونے کی وجہ سے لینڈ مافیا اور محکمہ مال کے چند کرپٹ اہلکاروں نے پورے علاقے کو اپنا شکار بنا لیا۔ متاثرہ مالکان نے سنگین بدعنوانی کی فوری اعلیٰ سطح انکوائری اور ریکارڈ کی منتقلی کیلئے پنجاب کے اعلیٰ حکام سے اپیل کر دی ۔ میاں اعجاز احمد، محمد عبداللہ، خرم شہزاد احمد، عرفان علی، عمیر حسن، محمد الیاس ودیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ہائی وے نے 1976 میں اعوان چوک اور گردونواح میں بائی پاس گوجرانوالہ کی تعمیر کیلئے رقبہ ایکوائر کیا تھا مگر محکمہ کی غفلت کے باعث نصف صدی گزرنے کے باوجود اس اراضی کا باقاعدہ انتقال تاحال ہائی وے کے نام نہیں کیا گیا۔ اس خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محکمہ مال، تحصیل آفس کے چند کرپٹ اہلکاروں کی سرپرستی میں لینڈ مافیا کا گروہ فعال ہو گیا ۔ اعوان چوک تا ملہی چوک اور سبزی منڈی بائی پاس کے گردونواح میں اصل مالکان کی جائز اراضی کو جعلی طور پر بائی پاس ظاہر کرکے ہائی وے کی ایکوائر شدہ زمین کو مافیا کے نام جعلی انتقالات کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے ۔ اس کے خلاف کئی مقدمات سول عدالتوں میں زیر سماعت ہیں مگر محکمہ ہائی وے اور محکمہ مال کے بعض اہلکار رشوت کے عوض عدالتوں میں غلط اور من پسند رپورٹس جمع کر ا رہے ہیں تاکہ مافیا کو قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے ،ملی بھگت کی زد میں آنے والے مالکان جائز زمینوں سے محروم ہو رہے ہیں ۔