پسوال میں مویشی چوری کی وارداتوں سے شہری پریشان
چند روز میں 3 بڑی وار داتیں ، ملزموں کو پکڑ کر چھوڑ نے پر اہل علاقہ حیران
لالہ موسیٰ(نمائندہ دنیا )تھانہ صدر لالہ موسیٰ کے گاؤں پسوال میں مویشی چوری کی وارداتوں سے عوام پریشان ،اہل علاقہ کا وارداتوں پر قابو پانے کامطالبہ ،تفصیل کے مطابق چند روز کے دوران گاؤں میں مویشی چوری کی تین بڑی وارداتیں ہو چکی ہیں۔ غریب کسانوں کی بھینسیں، بکریاں اور گائے راتوں رات غائب کر دی گئیں۔ یہ جانور ہی ان کی روزی کا واحد سہارا تھے ۔ واردات کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کچھ ملزموں کو پکڑا بھی مگر گاؤں والوں کی حیرت اور غصے کی انتہا نہ رہی جب پولیس نے پکڑے گئے اکثر افراد کو کچھ ہی دیر بعد چھوڑ دیا اور صرف ایک شخص کا چالان کر کے خانہ پری کر دی،مویشی چوری کی وارداتوں نے پورے گاؤں کا سکون چھین لیا ۔ لوگ رات بھر جاگ کر پہرہ دینے پر مجبور ہیں،اہل دیہہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کی شفاف انکوائری کرائی جائے ، پورے گروہ کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ، اور مال مویشی کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔