حافظ آباد:کسان گندم او نے پونے داموں بیچنے پر مجبور
حکومتی پالیسیوں سے ملک میں سنگین غذائی بحران کا خدشہ :صدر کسان بورڈ
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی نائب صدر امان اﷲ چٹھہ نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے بعض کمپنیوں کے ذریعے اپریل کے پہلے ہفتہ میں گندم کی خریداری شروع کرانے کے کھوکھلے دعوئوں کے برعکس ابھی تک کسانوں سے گندم کا ایک دانہ بھی نہیں خریدا گیا اور وہ خون پسینے کی کمائی آڑھتی اور مڈل مین کے پاس اونے پونے فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، حکومت پہلے ہی گندم کی امدادی قیمت میں 400 روپے من کمی کر چکی ہے اب خریداری کے سلسلے میں تاخیری حربوں سے ذخیرہ اندوزوں کو پچھلے سال کی طرح بیک وقت کسانوں اور صارفین کا بدترین استحصال کرنے کا موقع مہیا کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ کسانوں سے امتیازی سلوک کی حکومتی پالیسی سے ملک کو سنگین غذائی بحران میں دھکیلنے کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے اس کے ازالہ کیلئے ٹھوس اقدام کیا جائے ۔