حافظ آباد:غذائی قلت کا شکار بچوں کیلئے وارڈ قائم
سکریننگ،ٹیسٹ اور علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہو گی:وزیر صحت
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا ،نامہ نگار)حافظ آباد میں غذائی کمی کے شکار کم عمر بچوں کے علاج معالجہ کیلئے محکمہ صحت حکومت پنجاب اور ڈبلیو ایچ او کے اشتراک سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پہلا ہیلتھ نیوٹریشن اینڈ سٹیبلائزیشن وارڈ قائم کر دیا گیا۔صوبائی وزیر صحت و آباد ی خواجہ عمران نذیر، وزیر اعلیٰ کی کوارڈی نیٹر سائرہ افضل تارڑ،ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ،ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق اور ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پنجاب مسز وقار النسا نے وارڈ کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ویلفیئر کا کہنا تھا کہ غذائی قلت کا شکار کم عمر بچوں کی مکمل سکریننگ،ٹیسٹ اور علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہو گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کے فوری اور بہتر علاج کے لیے کیتھ لیب بنائی جا رہی ہیں اور حافظ آباد میں بھی یہ کیتھ لیب جلد فعال کر دی جائیگی۔ انچارج چلڈرن وارڈ ڈاکٹر عابد بھٹی نے بتایا کہ ایک رپورٹ کے مطابق حافظ آباد میں5سال تک کی عمر کے تقریبا 24ہزار بچے غذائی کمی کا شکار ہیں جن میں سے ساڑھے تین ہزار بچے غذائی کمی کے ساتھ دیگر مسائل کا بھی شکار ہیں ۔