چناب نگر :گندگی کے ڈھیر، سیوریج کا نظام درہم برہم
چناب نگر(نامہ نگار )چناب نگر اور اس کے قریبی علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال کے باعث گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں جبکہ تعفن سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا ہے ۔
مختلف مقامات پر سیوریج کا نظام بند ہونے کے باعث گٹر اوورفلو ہو رہے ہیں اور گندا پانی گلیوں میں داخل ہو کر جمع ہو گیا ہے ، جس سے علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔مکینوں کے مطابق تعفن اور گندگی کے باعث مچھر اور مکھیاں بے حد بڑھ گئی ہیں جس سے ملیریا اور ٹائیفائیڈ سمیت موذی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ متعدد افراد بیماریوں کا شکار بھی ہو چکے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا نشاندہی کے باوجود متعلقہ میونسپل حکام کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ شہریوں نے صفائی اور سیوریج کے نظام کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔