مویشی منڈیوں کے قیام، صفائی ستھرائی، سکیورٹی کا جائزہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) عیدالاضحیٰ کے حوالے سے اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈویژن بھر میں مویشی منڈیوں کے قیام، صفائی ستھرائی، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، سیوریج، لائٹنگ اور شہری سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں عیدالاضحیٰ کے انتظامات، مویشی منڈیوں کی صورتحال، صفائی پلان اور عوامی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے حکام نے بتایا کہ مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ سکیورٹی، پارکنگ، پانی، پنکھوں اور طبی سہولیات کے انتظامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اجلاس کو عید کے موقع پر آلائشیں بروقت اٹھانے ، خصوصی صفائی آپریشن اور ویسٹ کلیکشن پلان بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں اضافی مشینری، عملہ اور ویسٹ بیگز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ صفائی کے نظام کو موثر بنایا جا سکے ۔